ہبلی، 20 جون (یو این آئی؍ایس او نیوز) مہاراشٹر سے مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) کی ایک ٹیم ڈاکٹر ایم ایم کلبرگی کے قتل کے معاملہ میں انتہاپسند ہندوجن جاگرتی سمیتی (ایچ جے ایس کے رکن ڈاکٹر ویریندر تاوڑ ے کے ممکنہ طور پر ملوث ہونے کے بارے میں چھان بین کے لئے دھارواڑ کا دورہ کرنے والی ہے ۔اطلاعات کے مطابق سی بی آئی کو ڈاکٹر تاوڑے سے پوچھ گچھ کے دوران محض ایسے اہم سراغ ملے ہیں کہ سی بی آئی ٹیم کا دھارواڑ جانا ضروری ہوگیا ہے ۔یادرہے کہ ڈاکٹر کلبرگی کو پچھلے سال نشانہ بازوں نے مبینہ طور پر ان کی رہائش گاہ پر گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ سی بی آئی معاملہ کی تہ تک پہنچنے کے لئے مختلف زاویوں پر کام کررہی ہے ۔توہم پرستی کے خلاف جنگ چھڑنے والے پونے کے ڈاکٹر نریندر ڈابھولکر کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر ڈاکٹر تاوڑے کی گرفتاری کو پولیس کی ایک بڑی کامیابی تصور کیا جارہا ہے ۔ ڈابھولکر کو 2013 میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔